13 اپریل 1971

پیدائشی نقص کے ساتھ بچی پیدا ہوئی اور چالیس۴۰دن زندہ رہ کر مرگئی

0 comments
میری پہلی پریشانی یہ ہے کہ آج سے دس ماہ پہلے میرے پہلوٹھی کی لڑکی پیدا ہوئی تھی۔ بچی کی پیدائش بہت زیادہ تکلیف سے ہوئی اور میں مرتے مرتے بچی، لیکن اس سے بڑی پریشانی بچی کا پیدائشی نقص تھا۔ ۴۰ روز بچی زندہ رہی لیکن چالیس دن اس نے جس تکلیف میں گزارے اس کی یاد مجھے آج بھی بے چین کردیتی ہے۔ بچی کا دماغ نامکمل تھا۔ اس کے علاوہ اس کے سر کے اندر پانی بھرا ہوا تھا۔ اور پشت پر کافی بڑا پھوڑا تھا۔ دوسری الجھن یہ ہے کہ خدا نے میرے اوپر دوبارہ رحم کیا ہے۔ تیسرا مہینہ ہے۔ میرے دل میں ہر وقت وہم آتے ہیں کہ خدا نخواستہ میرے دوسرے بچے میں بھی کوئی نقص نہ ہو، میں پانچوں وقت کی نماز پڑھتی ہوں۔ کسی نے بتایاہے کہ عشاء کی نماز کے بعد چالیس (۴۰) دن تک سورۂ یٰسین پڑھ کر پیٹ پر دم کرنے سے صحت مند لڑکا پیدا ہوتا ہے اس کے علاوہ آیت کریمہ کا ختم مانا تھا۔ وہ بھی پڑھتی ہوں ایک تعویذ کسی بزرگ کا دیا ہوا بازو پر بندھا ہوا ہے جس پر ’’ھُوَ اللہُ حَیُّ الْقَیُّومْ‘‘ کا لفظ نو بار لکھا ہوا ہے۔ آپ کی روحانی ڈاک میں کئی بار پڑھ چکی ہوں۔ وظائف کی زیادتی بجائے فائدہ کے نقصان کا باعث ہوتی ہے۔ آپ کی خدمت میں تفصیل سے ساری روئیداد لکھدی ہے آپ مجھے مشورہ دیں کہ یہ وظائف اور تعویذ میرے لئے مناسب ہیں یا نہیں؟ اس کے علاوہ کوئی وظیفہ یا تعویز ایسا لکھ دیں کہ جس سے دردِ زہ کی تکالیف آسان ہوجائے۔
 جواب: آپ کا خون صحتمند نہیں ہے۔ کمزور ہے پہلے بچہ پر خون کی اس نقص کی وجہ سے خراب اثرات مرتب ہوئے۔ ماں کے پیٹ میں بچی کی نشونما نا مکمل رہ گئی۔ اس کا دماغ اس قابل نہیں ہوسکا کہ وہ زیادہ دیر اس فضا میں سانس لے سکے۔ آپ کے اس نقص کو دور کرنے کیلئے علاج تجویز کیا جارہا ہے۔ اس پر عمل کیجئے۔
علاج: آدھ سیر عمدہ قسم کا عناب لے لیجئے۔ روزانہ رات کو سونے سے پہلے سات عدد عناب ایک پیالی پانی میں بھگودیجئے(یہ پانی اسٹیل کی پتیلی میں پکا کر پہلے جوش کرلیں۔ جب پانی ٹھنڈا ہوجائے اس وقت اس میں عناب ڈالیں)۔ عناب رات بھر بھیگے رہنے دیجئے۔ صبح سورج نکلنے سے پہلے عناب پانی میں مسل لیں اور اس پانی کو کپڑ چھان کرکے نہار منہ پی لیں۔ دل چاہے تو ایک چمچہ چینی ملالیں ورنہ کوئی ضرورت نہیں۔ پانی نوش کرنے کے بعد پہلے تین مرتبہ اِقْرَأ بِاسْمِ رَبِّکَ الَّذِیْ خَلَقَ ۔ خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ عَلَقْ پڑھکر پانی پر دم کردیں۔ یہ عمل اور علاج ولادت تک جاری رکھیں۔ جس روز ٹھنڈ ہو اس دن عناب کا مقطر پانی نیم گرم کرکے پئیں۔ دردِزہ کی کی تکلیف سے نجات پانے کے لئے میرے پاس نہایت زود اثر تعویذ ہے۔ پیدائش سے کچھ عرصہ پہلے خط لکھ کر یہ تعویذ منگالیں۔ وظیفہ کوئی نہ پڑھیں۔ البتہ آیت کریمہ کا ختم کی جو منّت مانی تھی اسے تھوڑا تھوڑا کر کے پورا کردیں۔ بزرگ کا دیا ہوا تعویذ ہاتھ پر بندھا رہنے دیں۔

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔