01 اکتوبر 1971

پھیلی ہوئی ناک چہرے پر بری لگتی ہے

0 comments
شمیم حسن: میری ناک بہت پھیلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے بہت بد نما معلوم ہوتی ہے۔ رنگ  بھی سانولا ہے۔ میرے یہ دونوں مسائل حل کردیں کیونکہ کہیں ایسا نہ ہو کہ شادی کے معاملہ میں یہ حائل ہوں۔
جواب: سورۂ یوسف کی آیت
 قَالَ يَا بُشْرَىٰ هَٰذَا غُلَامٌ ۚ وَأَسَرُّوهُ بِضَاعَةً ۚ 
ایک سو مرتبہ پڑھکر ہاتھوں پر دم کریں اور ہاتھ چہرہ پر پھیر لیں اور گفتگو کئے بغیر سوجائیں۔ نوے دن تک

کمر میں چک آگئی

0 comments
ایس۔اے۔ مانسہرہ:  ۱۵ سال سے میری کمر میں مستقل درد ہے۔ اس کی ابتداء اس دن سے ہوئی جب میں نے اپنی محترمہ دادی صاحبہ کو جو فالج کی مریضہ ہیں سہارا دے کر اٹھانے کی کوشش کی۔ ہر قسم کا علاج کروالیا لیکن بے سود۔ نیز میرے بال تیزی سے سفید ہوتے جارہے ہیں۔ اب گنتی کے چند بال سیاہ رہ گئے ہیں۔ آپ سے درخواست ہے کہ میری دونوں تکالیفوں کا کوئی حل تجویذ فرمائیں۔
جواب: دو حصے باجرہ اور ایک حصہ چاول کی کھچڑی پکائیے۔ ایک ہفتہ تک روزانہ ایک وقت صرف باجرہ کی کھچڑی کھائیے۔ کمر کہ اس درد سے نجات مل جائے گی۔ بالوں کو سیاہ کرنے کے لئے ہلیلہ سیاہ کوٹ چھان کر سفوف بنالیں۔ رات سوتے وقت کھانا کھانے کے تین گھنٹہ بعد ۶ ماشہ(ایک کھانے کا چمچ) یہ سفوف پانی کے ساتھ کھالیا کیجئے ۔ چھہ مہینے کے متواتر عمل سے انشاء اللہ بال کالے ہوجائیں گےاور آپکی عام صحت بھی عمدہ ہوجائے گی۔ چھہ مہینے کے عرصہ میں بڑا گوشت نہ کھائیں۔ سبزیاں زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ سبزی میں کریلا بکثرت استعمال ہونا چاہئے۔

یہ غلط ہے کہ وہم کا علاج نہیں

0 comments
ارم بلوچ۔ کراچی: دسویں جماعت کی طالبہ ہوں۔ الجھن یہ ہے کہ میں ہر نماز کے پہلے میں تین تین مرتبہ وضو کرتی ہوں۔ مجھے وہم رہتا ہے کہ وضو ٹھیک نہیں ہوا اور میں پاک نہیں ہوں۔ دوسرے کاموں میں بھی یہی ہوتا ہے۔ بس پانی بہاتی رہتی ہوں۔ منٹوں کے کاموں میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔ دو سال سے اس مرض میں مبتلا ہوں۔ اس وہم کی وجہ سے زندگی عذاب بن گئی ہے۔
جواب: کسی اچھے فوٹو گرافر سے پوسٹ کارڈ سائز کا نیگیٹو بنوائیے۔ فوٹو گرافر سے کہ دیجئےکہ اس پر برش نہ لگائے اور نہ ٹھیک کرے۔ جیسی حالت میں ہو دیدے۔ اس نیگیٹو کو فریم کراکے کمرہ میں ایسی جگہ لٹکا دیجئے جہاں بار بار آپ کی نظر پڑتی رہے۔ وقت ملنے پر وقفہ وقفہ سے اس کو آپ ارادتاً بھی دیکھئے۔ رات کو سوتے وقت بستر پر لیٹ کر بار بار دیکھئے۔ وہم کا مرض رفع ہوجائے گا۔

میں خود سے باتیں کرتا ہوں

0 comments
عبد الحمید انصاری۔ حیدرآباد: میں بچپن سے دل ہی دل میں باتیں کرنے کا عادی ہوں۔ چلتے پھرتے خود سے سوال کرتا ہوں اور خود ہی جواب دے دیتا ہوں۔ بیشمار ترین کوششوں کے بعد بھی اس عادت کو ترک نہیں کرسکا ہوں۔ اس کیفیت کے مسلط رہنے کی وجہ سے حافظہ جواب دے گیا ہے۔ ایک دوسری مصیبت یہ ہے کہ خود ہی خود تو خوب باتیں کرتا ہوں لیکن کسی دوسرے آدمی سے بات نہیں کرسکتا۔ آواز حلق میں رہ جاتی ہے۔ کئی مرتبہ ملازمت ملتے ملتے رہ گئی کیونکہ میں انٹرویو کے وقت جواب ہی نہیں دے سکا۔ آپ میری اس پریشانی کا اندازہ خود لگاسکتے ہیں۔
جواب: اس شکایت کا تعلق براہ راست دماغ سے ہے۔ اور اس کا علاج یہ ہے کہ آپ چھوہارے کھائیں۔ ترکیب یہ ہے دو چھوہارے پانی میں دھوکر ایک پاؤ دودھ میں پکائیں۔ ایک یا دو جوش کے بعد پتیلی اتار کر رکھ دیں۔ صبح پھر ایک بار جوش دیں۔ ٹھنڈا کرکے چھوہارے کھالیں اور دودھ پی لیں۔ چند ہفتے میں انشاءاللہ خود سے بات کرنے کی عادت اور دوسری شکایت ختم ہوجائے گی۔

17 اگست 1971

حق تلفی اور ناشکری سے آمدنی کے ذرائع محدود ہو جاتے ہیں

0 comments
صفیہ بانو۔ پنڈی: میرے گھر میں چھہ بیٹیاں ہیں جو جوان بیٹھی ہیں۔ پانچ سال پہلے ہمارا کاروبار بہت اچھا تھا مگر اب ہم پیسے پیسے کو محتاج ہیں۔ میرے شوہر نے اپنے بہنوئی کو کاروبار کرایا وہ صاحبِ حیثیت ہوگئے اور ہم محتاج۔ اس غربت اور تنگدستی کی وجہ سے ہماری بیٹیوں کے رشتے بھی نہیں آتے۔
جواب: تہجد کے دو نفل پڑھنے کے بعد مصلیّٰ پر بیٹھے بیٹھے تین سوبار
اِنَّ اللّٰهَ یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآءُ بِغَیْرِ حِسَابٍ
کا ورد کریں۔ یہ بات نوٹ کرلیں کہ آپ  کے شوہر اور آپ سے لوگوں کے حقوق کا اتلاف ہوا ہے۔ اور ناشکری سے وسائل محدود ہوجاتے ہیں۔ جس سے انسان تنگدستی اور پریشانی میں مبتلا ہوجاتا ہے توبہ استغفار کیجئے اور آئندہ اس کوتاہی کو قریب نہ پھٹکنے دیجئے۔

01 جون 1971

روحانی ڈاک خدمت خلق کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے

0 comments
روحانی ڈاک کا کالم خدمت خلق کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔ اللہ تعالیٰ ادارۂ جسارت اور اس کے منتظمین کو اس کا اجر ضرور دیں گے کہ انہوں نے اللہ کی مخلوق کی بہت بڑی ضرورت کو پورا کیا ہے۔ افسوس اس بات کا ہے کہ آپ ہر ایک کے دکھ کا مداوا ہوتے ہیں، لیکن اخبار میں ایک خاص بیماری (جنسی بیماری) جس میں آجکل کے نوجوان کثرت سے مبتلا ہیں اخبارمیں شائع نہیں کرتے ۔ میرے ایسے نا سمجھ لوگ اس بیماری میں مبتلا ہو کر عطائی حکیموں اور بناوٹی پیروں فقیروں کے چکر میں پھنس کر وقت کے ساتھ روپیہ بھی ضائع کرتے ہیں مگر کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ کسی سے کہ بھی نہیں سکتے شرم کی بات ہے ، میں وہ سب کچھ کرچکا ہوں جس کو تحریر میں نہیں لایا جاسکتا۔
جواب: ذرا ٹھنڈے دل سے سوچئے ، جب آپ انفرادی طور پر خط میں اپنے حالات وضاحت کے ساتھ نہیں لکھ سکتے ۔ تو یہی حالات اور ان کاحل اخبار میں ہم کس طرح شائع کر سکتے ہیں جبکہ اخبار میں گھروں میں عورتیں ، اوربچے بھی پڑھتے ہیں ۔ ایسے حضرات کو براہ راست جواب دے دیا جاتا ہے لیکن شرط یہ ہے کہ وہ اپنا پتہ لکھا ہوا جوابی لفافہ ارسال کریں۔

جسم کے ہر حصے میں درد ہوتا ہے

0 comments
شہناز۔ کراچی: دوسال سے جسم کے ہرحصے میں درد ہوتا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کوئی سوئیاں چبھورہا ہے۔ڈاکٹر السر بھی بتاتے ہیں۔
جواب: میرا خیال ہے کہ آپ کے پیٹ میں کیڑے ہیں۔ ان کا علاج کرالیجئے۔ یہ تکلیف انشاءاللہ ختم ہوجائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اخبار میں شائع شدہ ہینگ اور گھی کے نسخہ پر عمل کریں۔ گھی تیار کرکے پیٹ کے نیچے پیڑو پر مالش کی جاتی ہے۔ ثقیل، بادی، کھٹی چیزوں نیز زیادہ نمک مرچ سے پرہیز ضروری ہے۔

مجھے سبق یاد نہیں ہوتا

0 comments
احمد البشیر۔کراچی۔ میں انٹر کا طالب علم ہوں ۔ جو کچھ یاد کرتا ہوں بھول جاتا ہوں۔ خاص طور سے انگریزی الفاظ کے معنی یاد نہیں رہتے ۔ امتحان قریب ہیں، میری بھی مدد کیجئے۔
جواب: آپ جب سب کاموں سے فارغ ہو کر سونے کے لئے بستر پر لیٹ جائیں تو اپنا نام لے کر خود کو مخاطب کیجئے ، اور کہئے۔ احمد البشیر، تم جو کچھ پڑھتے ہو وہ یاد رہتا ہے۔ انگریزی الفاظ کے معنی ذہن نشین ہو جاتے ہیں ۔ اس طریقہ پر اکیس روز عمل کیجئے انشاء اللہ آپ کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

مجھے مستقبل کا ایک اہم سفر مل گیا ہے

0 comments
غلام احمد۔ لانڈھی۔ میں سخت ذہنی پریشانی میں گرفتار ہوں۔ امتحان میں کامیابی کے لئے جسارت میں شائع شدہ وظیفہ " یا اولی الالباب" پڑھنے کی اجازت چاہتا ہوں امتحان میں ایک مہینہ باقی رہ گیا ہے۔ کیا میں یہ وظیفہ امتحان دینے کے بعد پڑھ سکتا ہوں ؟ کیونکہ آجکل تو کورس کی کتابوں سے فرصت ہی فرصت نہیں ملتی۔ یہ بھی خدا کی قدرت ہے کہ مجھے مستقبل کا ایک ہم سفر مل گیا۔ وہ ہے "روحانی ڈاک" ۔
جواب: وظیفہ یا اولی الالباب ایک سو مرتبہ پڑھنے میں زیادہ سے زیادہ دس منٹ لگتے ہیں۔ دس یا پندرہ منٹ کا وظیفہ ایسا نہیں ہے جو کورس کی کتابیں پڑھنے میں حائل آئے ۔ یہ وظیفہ آپ ابھی سے شروع کر دیجئے اور امتحان کا نتیجہ شائع ہونے تک پڑھتے رہیں۔

والد کے انتقال کے بعد بھائی کے دماغ نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے

0 comments
ف۔س۔ب۔راولپنڈی: والد کے انتقال کے بعد بھائی کی دماغی حالت نارمل نہیں رہی ہے۔ دماغ پر اس قدر صدمہ ہے کہ جب ہم اس کو لکھنے پڑھنے کے لئے کہتے ہیں تو رونے لگتا ہے اگر ہوسکے تو اس سلسلے میں ہماری مدد کیجئے۔
جواب: بھائی جب رات کو گہری نیند سوجائے تو اس کے سرہانے کھڑے ہو کر گھر کے کوئی صاحب یہ عبارت پڑھ دیں۔پورا نام لے کر۔ تمہارا دماغ بہت مضبوط ہے دماغ حقیقی چیزوں کو قبول کرتاہے۔ پڑھنے لکھنے میں تمہارا دل لگتا ہے۔ اس طریقے پر ہفتے میں دو مرتبہ تین ہفتے تک عمل کیجئے۔