01 جون 1971

امتحان میں ۹۰۰ نمبر لانے کیلئے وظیفہ

0 comments
خ۔ب۔ناظم آباد: میرے دو انگریزی اور دو اردو کے پرچے ہوچکے ہیں۔ کل حساب کا پرچہ تھا جو زیادہ اچھا نہیں ہوسکا۔ اس سے میں سخت پریشان ہوں۔ آئندہ سائنس ، عربی ، اسلامیات، سو شل اسٹدی اور ہوم اکنامکس کے پرچے باقی ہیں۔
میں کے جی کلاس سے ساتویں جماعت تک ہمیشہ فرسٹ آتی رہی ہوں ۔ آٹھویں جماعت میں وظیفہ حاصل کرنے کیلئے ۹۰۰ سے زیادہ نمبر حاصل کرنے کیلئے وظیفہ بذریعہ اخبار جسارت بتائیے۔

جواب: رات کو بہت سویرے سو جائیے، چار بجے اٹھ جائیے، وضو کیجئے، دو نفل تہجد ادا کر کے مصلیٰ پر بیٹھے بیٹھے ایک سو ایک مرتبہ سورۂ قمر کی آیت
 وَلَقَدْ يَسَّرْنَا الْقُرْآنَ لِلذِّكْرِ فَهَلْ مِن مُّدَّكِرٍ
پڑھ کر آنکھیں بند کر کے مراقبہ کیجئے۔ اول آخر ایک ایک تسبیح درود شریف مراقبہ میں یہ تصور قائم کیجئے کہ آپ اللہ تعالیٰ کے سامنے بیٹھی ہیں ، جب ذہن یکسو ہوجائے تو اللہ تعالیٰ سے دعا کیجئے۔ یہ عمل نتیجہ شائع ہونے تک جاری رکھیں۔

عبادت الٰہی میں دل نہیں لگتا

0 comments
محمد سلیم غازیانی: پہلے میں بہت ذوق و شوق سے خدا کی عبادت کرتا تھا ۔ پڑھائی میں بھی دل لگتا تھا مگر اب دونوں طرف توجہ نہیں رہی۔ ان دونوں دلچسپیوں کو بحال کرنے کیلئے آپ کی امداد کا منتظر ہوں۔
جواب: انسان کو ہر کام میں اعتدال پیش نظر رکھنا چاہئے۔ آپ نے اعتدال کا راستہ چھوڑ کر انتہا پسندانہ طرز عمل اختیار کیا نتیجے میں آپ کو محرومی نصیب ہوئی۔خدا کی عبادت کیجئے اتنی جو فرض کی گئی ہے۔ باقی وقت فرائض زندگی کو پورا کرنے میں لگائیے ۔ وظیفہ پڑھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

امتحان میں کبھی فیل نہیں ہوا

0 comments
قیصر اللہ۔کراچی۔ امتحان میں کبھی فیل نہیں ہوا ہوں لیکن پچھلے سال فیل ہوجانے کی وجہ سے گھر والے مجھے عجیب نظروں سے دیکھتے ہیں۔ گھر کے حالات کا تقاضا بھی یہی ہے کہ میں جلد از جلد تعلیم سے فارغ ہو کر میں معاش کے کاموں میں لگ جاؤں۔
جواب: صبح فجر کی ادا نماز کے بعد سورۂ رحمن کی آیت فبائی آلاءربکماتکذبن سو مرتبہ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کیجئے اور چہرے پر پھیر لیجئے۔ امتحان کا نتیجہ شائع ہونے تک

ب۔حسن: میں بی اے میں پڑھ رہی ہوں چاہتی ہوں کہ کسی اسکول میں مجھے ملازمت مل جائے ۔ بہت سے اسکولوں میں گئی مگر ہر جگہ ناکامی کا منہ دیکھنا نصیب ہوا اس وقت مجھے سروس کی اشد ضرورت ہے۔ کوئی دعا بتادیجئے۔
جواب: عشاء کی نماز کے بعد سونے سے پہلے گیارہ مرتبہ قل ھو اللہ شریف پڑھ کر ہاتھوں پر دم کیجئے اور ہاتھ تین مرتبہ چہرے پر پھیر لیجئے ۔ کوشش یہ کیجئے کہ آپ کو پرائیویٹ ٹیوشن مل جائے۔ انشاء اللہ آپ کامیاب ہوجائیں گی۔

طلباء اور طالبات کے مسائل

0 comments
فہمیدہ خاتون ۔ کوئی کتاب لے کر بیٹھتی ہوں تو الجھن ہونے لگتی ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ ہم جس مکان میں رہتے ہیں یہ مکان منحوس ہے۔
جواب: مکان میں ہر گز کوئی نحوست نہیں ہے۔ یہ سب باتیں غلط ہیں۔ لاطائل باتوں سے ہٹ کر پڑھائی کی طرف توجہ دیجئے انشاء اللہ الجھن نہیں ہوگی۔

کمر میں شدت کا درد ہے

2 comments
ایم خان۔کراچی۔ میری اہلیہ کی کمر میں عرصہ دس سال سے پچھلے حصہ میں شدید درد ہوتا ہے ۔ یہ درد صبح اٹھتے وقت اتنا زیادہ ہوجاتا ہے کہ وہ پلنگ سے نیچے نہیں اتر سکتیں دن میں درد کی شدت میں کافی کمی ہوجاتی ہے۔ پانچ بچے ہیں بڑے بچے کی عمر دس سال اور سب سے چھوٹے کی عمر چھ سال ہے باقی صحت نارمل ہے البتہ قبض کبھی کبھار ہوجاتا ہے۔
جواب: السی کا تیل اپنے سامنے نکلوائیے۔ ہرے رنگ کی صاف شفاف شیشی میں تقریباََ آدھا سیر تیل ڈالکر کسی ایسی جگہ رکھ دیجئے ۔ جہاں سارا دن دھوپ رہتی ہو۔ چالیس دن رات گزرنے کے بعد شیشی اٹھا لیجئے ۔ اگر چالیس روز کے عرصے میں بادل چھا جائیں بارش آجائے تو یہ چالیس دن میں شمار نہیں ہونگے ان دنوں کو شمار کر کے شیشی کو مذید دھوپ میں رکھا رہنے دیں ۔ تیل تیار ہوجانے پر ریڑھ کی ہڈی پر اس تیل کی مالش کرائیں ۔ مالش رات کو سوتے وقت ہونی چاہیئے انشاء اللہ کمر کا درد ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائے گا۔

ایسی غلطی ہوگئی جو معاف نہیں کی جاسکتی

0 comments
گمنام۔ مجھ سے ایک ایسی غلطی سر زد ہوگئی ہے جس کے بارے میں میرا خیال ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں معاف نہیں کی جاسکتی ۔ اس غلطی کے رد عمل نے میرا ذہنی سکون معطل کر دیاہے۔ امتحان میں پرچے خراب کر آئی ہوں جبکہ میں اپنے ساتھیوں میں ذہین ترین طلبہ ہوں۔ اسکول کی ایک لڑکی نے میرے ساتھ دشمنی کی! مس کہتی ہیں کہ تمہیں تین سال کیلئے اسکول سے نکال دیا جائے گا۔ میں نے رو رو کر برا حال کر لیا ہے ۔ میں ایک یتیم اور بے سہارا لڑکی ہوں ۔ اگر مجھے اسکول سے نکال دیا گیا تو میری زندگی میں اندھیرے جنم لے لیں گے ۔ خدا کیلئے میری مدد کیجئے۔
جواب: آپ بالکل مطمئن رہیں آپ کو اسکول سے نہیں نکالا جائے گا ۔ یہ میرا فیصلہ ہے۔ البتہ آپ اپنی مس سے غلطی کا اعتراف کر کے معا فی ضرور مانگ لیں، وہ آپ کو معاف کر دیں گی۔ اچھے لوگ کبھی کسی کا مستقبل بر باد نہیں کرتے۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی بڑی سے بڑی غلطی معاف کرنے کی قدرت رکھتے ہیں اور اپنے وصف سے خوش ہوتے ہیں۔ بندے کا کام اعتراف جرم کے بعد اللہ تعالیٰ کے حضور معافی مانگنا ہے اللہ تعالیٰ قبول فرما لیتے ہیں۔

13 اپریل 1971

میں نے اللہ کیلئے اپنا سب لٹا دیا اور اب میں پیسے پیسے کو محتاج ہوں

0 comments
جنت خاں گڈی خیل (بنوں): جب سے میں نے ہوش سنبھالا ہے، مذہب سے دیوانگی کی حد تک شفقت ہے یہاں تک کہ والدین کا چھوڑا ہوا اثاثہ بھی سب اللہ کی راہ میں خرچ کردیا اب پیسے پیسے کو محتاج ہوں۔ محنت مزدوری جسمانی ضعف کمزوری کی بنا پر نہیں کرسکتا ۔ آپ مجھے مشورہ دیں کہ زندگی کے ضروری اخراجات پورے کرنے کیلئے کیا طرز عمل اختیار کروں۔ ہر وقت یہ خیال ذہن پر مسلط رہتا ہے کہ مجھ سے اللہ رسول کے معاملہ میں کوئی لغزش نہ ہوجائے۔ برے برے خیالات آتے رہتے ہیں۔
جواب: اللہ تعالیٰ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم رحمتہ اللعالمین ہیں۔ انسان کے اندر ایک نیک نیت ہستی ہوتی ہے ۔ یہ ہستی اللہ اور اس کے حبیب کے بارے میں ہمیشہ پر امید رہتی ہے اس ہستی کے متضاد ایک اور ہستی بھی ہوتی ہے جو انسان کو شک اور شبہ اور خواہ مخواہ کے خوف میں مبتلا رکھتی ہے ۔ لیکن اسکی مخالفت سے نیک ہستی کبھی محروم نہیں ہوتی۔ آپ ہر گز نہ سوچئے کہ آپ سے اللہ رسول کے معاملہ میں کوئی لغرش یا خطا سر زد ہوجائے گی۔ اللہ تعالیٰ دلوں کا حال جانتا ہے وہ غفور الرحیم ہیں۔ خیالات آتے نہیں لائے جاتے ہیں۔ اس لئے خیالات کے اوپر باز پرس نہیں ہے اورنہ ان کیلئے انسان کو گناہ گار قرار دیاجاسکتا ہے۔ آپ اس قسم کے خیالات کی ہر گز پرواہ نہ کریں۔ نہ ان کا کوئی نوٹس لیں ۔ اللہ رسول کے معاملے میں کوئی ایسا خیال جو نا پسندیدہ ہو اس کیلئے تو بہ استغفار بھی نہ کیجئے۔ ان خیالات کو آنے دیجئے اور لاپرواہی اختیار کر لیجئے۔ اللہ رسول کی محنت میں آپ نے اپنا سب اثاثہ لٹا دیا ۔ بظاہر یہ نیک عمل ہے لیکن اس میں انتہا پسندی کو دخل حاصل ہے۔
قران و سنت کی روشنی میں انسان کے اوپر اپنے اہل و عیال اور خود اپنی ذات کے حقوق بھی عائد ہوتے ہیں موجودہ طرز عمل سے ان حقوق کا اتلاف ہوا ہے جو اللہ تعالیٰ کے قانون کے تحت آپ کے اوپر فرض نہیں۔ بہرحال جو کچھ ہو چکا اسے بھول جائیے اور اب صحیح طرز فکر اختیار کر کے کوئی بھی چھوٹا موٹا کام شروع کردیجئے ایک بات یاد رکھئے جو کام بھی کریں اللہ تعالیٰ کی ذات پر کامل یقین اور اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر کریں۔ انشاء اللہ بہتری پیدا ہوجائے گی

میرے لئے کونسی ملازمت بہتر رہے گی!

0 comments
فضل کریم ۔ کنٹری کلب روڈ کراچی :میں بحری جہاز میں ملازمت کرنا چاہتا ہوں۔ یہ ملازمت میرے لئے بہتر رہے گی یا نہیں اس کیلئے استخارہ کرنا چاہتا ہوں۔ براہ کرم استخارہ لکھ دیجئے۔ جواب: سب کاموں سے فارغ ہو کر جب آپ سونے کیلئے بستر پر جائیں تو چار پائی کے قریب بیٹھ کر ایک سو مرتبہ" افتح افتح افتح یا بدیع العجائب بالخیر یا بدیع"پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کریں اور ہاتھ چہرے پر پھیر لیں ۔ کسی سے بات کئے بغیر بستر پر سیدھی کروٹ لیٹ جائیں ۔ اور مقصد ذہن میں رکھے ہوئے سوجائیں۔ انشاء اللہ پہلے ہی دن یا زیادہ سے زیادہ تین دن میں آپ کو یہ بات معلوم ہوجائے گی کہ بحری جہاز کی ملازمت آپ کیلئے اچھی ہے یا نہیں؟

زنانی بیماریوں کا علاج

0 comments
آج اخبار میں میرا خط شائع ہوا تو یہ پڑھ کر حیران ہوں کے میرے مختصر حالات سے آپ نے یہ اندازہ لگا لیا کہ مجھے کوئی زنانی بیماری لاحق ہے۔ جی ہاں بیماری تو ہے لیکن مجھے اس مسئلے پر لکھنا پسند نہیں تھا۔ اب چونکہ آپ کے سامنے حقیقت آگئی ہے اور مجھے علاج بھی کرانا ہے اس لئے تفصیلات تحریر ہیں۔ تقریباََ ۱۹ سال سے سیلان الرحم(لیکوریا)کے مرض میں مبتلا ہوں۔ نو یا دس سال کی عمر میں یہ بیماری لگ گئی تھی ۔ بچپن میں تو میں یہ سمجھی ہی نہیں کہ یہ سب کیا ہے بڑے ہونے پر معلوم ہوا کہ یہ بیماری ہے تو شرم سے خاموش رہی شادی کے بعد علاج کا سلسلہ شروع ہوا تو ڈاکٹر نے بتایا کہ یہ مرض پرانا یا پیچیدہ ہوچکا ہے۔ ہسپتال میں داخل رہی ۔ مختلف علاج بھی کرائے مگر چند ہفتوں کیلئے مرض میں کمی ہوئے ۔ اور پھر وہی حال ہوگیا۔ خیال تھا کہ انگلینڈ میں صحیح علاج ہوجائے گا۔ لندن میں ڈاکٹروں نے مختلف قسم کے معائنے کئے ۔ بہت سے ایکسرے لئے اور پھر بتایا کہ جسم میں کسی قسم کی خرابی یا کوئی نقص نہیں ہے ۔ درد اور سیلان الرحم کی وجہ نفسیاتی ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ خود بخود ختم ہوجائے گی۔
جواب: ۲ سیر کیکر کی چھال لے کر اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ ان ٹکڑوں کو پانی میں جوش دیں۔ اتنا پکائیں کہ پانی رنگین اور گاڑھا ہوجائے۔ پانی کی مقدار اتنی ہونی چاہئے ک جب آپ اس میں بیٹھیں تو آپ کا جسم ناف تک پانی میں ڈوبا رہے۔ اس جوش شدہ پانی میں سے کیکر کی چھال کے ٹکڑے نکال کر پھینک دیں۔ پانی کسی ٹب میں ڈال لیں اور اس ٹب میں گھڑی دیکھ کر بیس منٹ تک بیٹھی رہیں۔ پانی اتنا گرم ہونا چاہئے کہ جس کی گرمی آپ برداشت کرسکیں۔ اس علاج پر تین ہفتے عمل کیجئے ہفتے میں دو مرتبہ۔ کیکر کی چھال ہر مرتبہ نئی ہونی چاہئے تین ہفتوں کے علاج سے انشاء اللہ سیلان الرحم کی تکلیف بالکل ختم ہوجائی گی۔

پیدائشی نقص کے ساتھ بچی پیدا ہوئی اور چالیس۴۰دن زندہ رہ کر مرگئی

0 comments
میری پہلی پریشانی یہ ہے کہ آج سے دس ماہ پہلے میرے پہلوٹھی کی لڑکی پیدا ہوئی تھی۔ بچی کی پیدائش بہت زیادہ تکلیف سے ہوئی اور میں مرتے مرتے بچی، لیکن اس سے بڑی پریشانی بچی کا پیدائشی نقص تھا۔ ۴۰ روز بچی زندہ رہی لیکن چالیس دن اس نے جس تکلیف میں گزارے اس کی یاد مجھے آج بھی بے چین کردیتی ہے۔ بچی کا دماغ نامکمل تھا۔ اس کے علاوہ اس کے سر کے اندر پانی بھرا ہوا تھا۔ اور پشت پر کافی بڑا پھوڑا تھا۔ دوسری الجھن یہ ہے کہ خدا نے میرے اوپر دوبارہ رحم کیا ہے۔ تیسرا مہینہ ہے۔ میرے دل میں ہر وقت وہم آتے ہیں کہ خدا نخواستہ میرے دوسرے بچے میں بھی کوئی نقص نہ ہو، میں پانچوں وقت کی نماز پڑھتی ہوں۔ کسی نے بتایاہے کہ عشاء کی نماز کے بعد چالیس (۴۰) دن تک سورۂ یٰسین پڑھ کر پیٹ پر دم کرنے سے صحت مند لڑکا پیدا ہوتا ہے اس کے علاوہ آیت کریمہ کا ختم مانا تھا۔ وہ بھی پڑھتی ہوں ایک تعویذ کسی بزرگ کا دیا ہوا بازو پر بندھا ہوا ہے جس پر ’’ھُوَ اللہُ حَیُّ الْقَیُّومْ‘‘ کا لفظ نو بار لکھا ہوا ہے۔ آپ کی روحانی ڈاک میں کئی بار پڑھ چکی ہوں۔ وظائف کی زیادتی بجائے فائدہ کے نقصان کا باعث ہوتی ہے۔ آپ کی خدمت میں تفصیل سے ساری روئیداد لکھدی ہے آپ مجھے مشورہ دیں کہ یہ وظائف اور تعویذ میرے لئے مناسب ہیں یا نہیں؟ اس کے علاوہ کوئی وظیفہ یا تعویز ایسا لکھ دیں کہ جس سے دردِ زہ کی تکالیف آسان ہوجائے۔
 جواب: آپ کا خون صحتمند نہیں ہے۔ کمزور ہے پہلے بچہ پر خون کی اس نقص کی وجہ سے خراب اثرات مرتب ہوئے۔ ماں کے پیٹ میں بچی کی نشونما نا مکمل رہ گئی۔ اس کا دماغ اس قابل نہیں ہوسکا کہ وہ زیادہ دیر اس فضا میں سانس لے سکے۔ آپ کے اس نقص کو دور کرنے کیلئے علاج تجویز کیا جارہا ہے۔ اس پر عمل کیجئے۔
علاج: آدھ سیر عمدہ قسم کا عناب لے لیجئے۔ روزانہ رات کو سونے سے پہلے سات عدد عناب ایک پیالی پانی میں بھگودیجئے(یہ پانی اسٹیل کی پتیلی میں پکا کر پہلے جوش کرلیں۔ جب پانی ٹھنڈا ہوجائے اس وقت اس میں عناب ڈالیں)۔ عناب رات بھر بھیگے رہنے دیجئے۔ صبح سورج نکلنے سے پہلے عناب پانی میں مسل لیں اور اس پانی کو کپڑ چھان کرکے نہار منہ پی لیں۔ دل چاہے تو ایک چمچہ چینی ملالیں ورنہ کوئی ضرورت نہیں۔ پانی نوش کرنے کے بعد پہلے تین مرتبہ اِقْرَأ بِاسْمِ رَبِّکَ الَّذِیْ خَلَقَ ۔ خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ عَلَقْ پڑھکر پانی پر دم کردیں۔ یہ عمل اور علاج ولادت تک جاری رکھیں۔ جس روز ٹھنڈ ہو اس دن عناب کا مقطر پانی نیم گرم کرکے پئیں۔ دردِزہ کی کی تکلیف سے نجات پانے کے لئے میرے پاس نہایت زود اثر تعویذ ہے۔ پیدائش سے کچھ عرصہ پہلے خط لکھ کر یہ تعویذ منگالیں۔ وظیفہ کوئی نہ پڑھیں۔ البتہ آیت کریمہ کا ختم کی جو منّت مانی تھی اسے تھوڑا تھوڑا کر کے پورا کردیں۔ بزرگ کا دیا ہوا تعویذ ہاتھ پر بندھا رہنے دیں۔